لاہور: (دنیا نیوز)مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ عمران خان کے خوف میں نفسیاتی مریض بن چکے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ ادارے تباہ کرنے پر تلے ہیں، ملکی مسائل کا حل نواز شریف کے پاس ہے نہ اسحاق ڈار کے ، نئے انتخابات ہی ملک و قوم کو موجودہ دلدل سے نکال سکتے ہیں۔
شہباز شریف کی آڈیو لیک کے حوالے سے اہم بیان میں عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ شہباز شریف کی لیک آڈیو کا معاملہ انتہائی حساس، تشویشناک اور افسوس ناک ہے، شریف خاندان کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ یہ اپنے کاروباری مفادات کو ریاستی مفادات پر ترجیح دیتے ہیں، شریف خاندان ملکی سلامتی اور دفاع کیساتھ ہمیشہ سے کھلواڑ کرتا آیا ہے، سیاچن کا محاذ، بمبئی حملوں، ڈان لیکس سمیت کئی مواقع پر ن لیگی رہنما دشمن کے ہمنوا بنے۔
مشیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ شریف خاندان کیسے اقتدار کو لوٹ مار کیلئے استعمال کرتا ہے، شریف خاندان نے اپنے اقتدار میں بے رحمانہ منی لانڈرنگ کی اور ملک کو کنگال کردیا، افسوس تو یہ ہے کہ ثابت شدہ کرپٹ لٹیرے گینگ کو پھر زبردستی ملک اور قوم پر مسلط کردیا گیا۔
سابق گورنر کا کہنا تھا کہ شریف خاندان محلاتی سازش سے چوری چکاری بچانے کیلئے اقتدار پر قابض ہوا اور ملک کا سیاناس کردیا،امپورٹڈ ٹولے کے دن گنے جاچکے ہیں، قوم دھکے دے کر انکو اقتدار سے بے دخل کرے گی۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہی نے اہل پنجاب کو ایک لاکھ نوکریوں کا تحفہ دیا ہے، تعلیم ، صحت ،عوامی سہولیات اور روزگار میں اہل پنجاب کا خواب پورا کررہے ہیں۔