وزیراعظم : (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا، 10 نکاتی ایجنڈے تیار کر لیا گیا، وزیر اعظم اپنے دورہ امریکا، ازبکستان اور لندن میں ہونے فیصلوں سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، ذرائع کے مطابق نئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بھی حلف کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملکی سیاسی معاشی اور سیلاب کی صورتحال پر غور ہوگا، سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں کے لئے حکمت عملی منظوری کے لئے پیش ہوگی، اجلاس میں عبد الشکور شیخ کو اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا ایگزیکٹیو ڈائریکٹر لگانے کی منظوری ایجنڈا میں شامل ہے۔
ایجنڈے میں ڈرگ ریگولیٹری آف پاکستان کے پالیسی بورڈ میں 6 ماہرین کو شامل کرنے کی منظوری، پاکستان کے تین ہسپتالوں کے لئے رقم افغانستان منتقل کرنے کی منظوری، نیکا کو وزارت سائنس سے وزارت توانائی منتقل کرنے کی منظوری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے، خالی نشستوں پر سی ایس ایس کے امتحان کی منظوری، قرضہ جات مینجمنٹ آفس کے رولز کی منظوری، پاکستان نرسنگ کونسل ترمیمی بل 2022 میں مزید ترامیم کی منظوری کےلئے پیش ہونگی۔
ایجنڈا نیشنل کمیشن برائے غیرمسلم ایکٹ 2022 کابینہ میں پیش ہوگا،امپورٹس ایکسپورٹس کنٹرول ایکٹ 1950 میں مزید ترامیم کی منظوری ایجنڈا میں شامل ہے ،سیلاب متاثرین کی بحالی سے متعلق اشیاء کی خریداری کے لئے 10 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی جائیگی، گوادر پورٹ کے ذریعے گندم کی امپورٹ کی منظوری بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔