اسلام آباد: (دنیا نیوز) نامزد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بطورِ سینیٹر حلف اٹھا لیا۔اجلاس کے دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں صادق سنجرانی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نامزد وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے بطور سینیٹر حلف لیا، وہ 5 سال کے بعد گزشتہ روز لندن سے واپس پاکستان پہنچے تھے۔
اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی جب کہ حکومتی اراکین نے انہیں مبارکبادیں پیش کیں۔
اجلاس میں شرکت کے لیے اسحاق ڈار وفاقی وزرا رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ ایوان میں پہنچے۔
شہزاد وسیم
سینیٹ اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر قانون نے درست کہا کہ اس ایوان کا کوئی تقدس ہے، اور اس ایوان کا تقدس اس کی روایت کے ساتھ ہے، آج تک اس ایوان کی یہ روایت نہیں رہی کہ ایک شخص 2018 میں منتخب ہوتا ہے اس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہو جاتا ہے، اس کے بعد وہ واپس آتا ہے، چار سال تک وہ نشست خالی رہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران ایک آرڈیننس آتا ہے، اس آرڈیننس کے اوپر بھی بیٹھ جاتے ہیں، صرف اور صرف ایک شخص کو تحفظ دینے کے لیے، انہوں نے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو خط بھی گئے کہ اتنے عرصے سے یہ سیٹ خالی ہے، اور اگر وہ حلف نہیں اٹھاتے تو اس سیٹ پر دوبارہ انتخاب کروایا جائے لیکن ایسا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم شخصیات کو تحفظ دینے کے لیے چل رہا ہے، یہ آئین اور قانون کے تحت نہیں چل رہا، یہ ملک ایک خاندان کی جاگیر بنتا جا رہا ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کونسا ملک ہے کہ ایک شخص کو عدالت مقدمے میں بلاتی ہے، وہ بجائے اپنی صفائی پیش کرنے کے ملک سے بھاگ جاتا ہے، اُس وقت کا وزیراعظم جہاز میں بیٹھا کر فرار کرواتا ہے جبکہ دوسرا وزیراعظم اس مفرور کو اپنے جہاز پر بیٹھا کر واپس لاتا ہے۔
شہزاد وسیم نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق یہ اب تک عدالت میں پیش بھی نہیں ہوئے، یہ سیدھے سینیٹ میں آگئے، سینیٹ کا بھی کوئی احترام ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اس ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیے، اس ملک میں اشتہاریوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اپنے آپ کو عدالتوں میں پیش کریں۔
اعظم نذیرتارڑ
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد ایوان اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسحٰق ڈار منتخب سینیٹر ہیں، انہوں نے آج حلف اٹھایا ہے، ہم ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، اور توقع رکھتے ہیں کہ جس طرح پہلے انہوں نے ملک کی خدمت کی ہے، وہ اب بھی اس ٹیم کا حصہ بن کر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے دوستوں سے بھی عرض کروں گا کہ ہم نے ہمیشہ ایوان کے تقدس کا خیال رکھا ہے، احتجاج میں بات کرنا آپ کا حق ہے، مائیک پر بات کریں، اس طرح ایوان کا تقدس پامال نہ کریں، دامن کسی کا بھی صاف نہیں ہے، آئین پاکستان اور پاکستان کے قانون سب پر واضح ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ باقی رہی بات جو آپ (اپوزیشن) لوگوں کے تحفظات ذاتی ہو سکتے ہیں، آئین اور قانون ان تحفظات سے لاعلم اور لاتعلق ہے۔
اسحاق ڈار کا سٹے بازوں کو کھلا پیغام
اس سے قبل نامزد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہنڈی اور سٹے کا کاروبار کرنے والوں کو کھلا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے مارکیٹ بیسڈ والا ریٹ رکھا تھا، ہنڈی اور سٹے کا کاروبار کرنے والوں کو اجازت نہیں دیں گے وہ افواہیں پھیلا کر روپے کی بے قدری کریں، اس وقت روپے کی قدر مصنوعی طور پر جو گری ہوئی ہے وہ ایک چیلنج ہے، مہنگائی اور یوٹیلیٹی قیمتیں بھی بڑا چیلنج ہے، انشا اللہ ہوری کوشش کریں گے مسائل کو کم کیا جا سکے، کل سے اب تک ڈالر 9 روپے نیچے آچکا ہے، ڈالر نیچے آنے کا مطلب 1350 ارب روپے کے پاکستانی قوم کے قرضے کم ہوچکے ہیں۔