لاہور: (دنیا نیوز) ضلع کچہری نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔
ایف آئی اے نے گرفتار پی ٹی آئی رہنماحامد زمان کو ضلع کچہری پیش کیا، جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے ملزم کے جسمانی ریمانڈکی درخواست پرسماعت کی، دوران سماعت ایف آئی اے کی جانب سے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعا کی گئی۔
ایف آئی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی انکوائری کی گئی، امریکا سےبینک اکاؤنٹس کو چلایا جا رہا ہے، تقریباً 6 کروڑ کی رقم لائی گئی، جو بھی رقم منگوائی گئی اس کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا۔
دوران سماعت ملزم حامدزمان کی طرف سے خواجہ حارث پیش ہوئے اور دلائل دیئے کہ ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں، ایف آئی اے خود تسلیم کررہاہے،ہم پیش ہوئے، سوال نامہ دیاگیاتھا جس کے جواب دینے تھے، اگر انویسٹی گیشن میں تعاون کررہےہیں توگرفتاری کی ضرورت نہیں۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پرجسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا، بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے حامد زمان کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔