اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی وکیل کرنے کے لیے مدت دینے کی استدعا منظور کرلی۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، شہباز گل نے عدالت میں پیش ہو کر وکیل کرنے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔
عدالت نے شہباز گل کی ضروری استعمال اشیاء واپس نہ کرنے پر پولیس کو حکم دیا کہ آج عدالتی وقت ختم ہونے تک اشیاء واپس کی جائیں بصورت دیگر شہباز گل دوبارہ عدالت سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے شہباز گل کی وکیل کرنے کیلئے وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ میں ہاتھ باندھ کے عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لیے حاضر ہوں، پچھلے 72 گھنٹوں سے ایک ڈرامہ دیکھ رہے ہیں، راولپنڈی کی ایک عدالت نے زمین کیس میں رانا ثناء اللّٰہ کے وارنٹ جاری کیے پولیس اس کو گرفتار نہیں کرسکی۔