اسلام آباد: (دنیا نیوز) ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سپیشل سینٹرل کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
سپیشل سینٹرل کورٹ اسلام آباد میں سپیشل جج سینٹرل آصف محمود نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، مختصر سماعت کے بعد عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت منظور کر لی اور ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت عدالت نے عمران خان کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پرفارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکا جائے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کل تک حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔