اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں غربت کی شرح میں اضافے کا خطرہ ہے، لاکھوں گھروں اور لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کی تباہی کی وجہ سے غریبوں پر بوجھ میں اضافہ ہوا ہے تاہم پاکستان غربت کے خاتمے، عوام کی ترقی و خوشحالی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے 17اکتوبر کو غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غربت کے مکمل خاتمے کیلئے خوراک، روزگار، صحت، مکان، انصاف تک رسائی بڑھانے کے ساتھ ساتھ عوام کی سیاسی شمولیت اور ان کے اختیارات میں اضافہ کرنا ہوگا۔ غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر غربت اور اس کی تمام شکلوں کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان غربت کے خاتمے، عوام کی ترقی و خوشحالی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔
عارف علوی نے کہا کہ غربت اور افلاس بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے، سیلاب اور دِیگر قدرتی آفات غربت میں اضافے کی بڑی وجہ ہیں، حالیہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں غربت کی شرح میں اضافے کا خطرہ ہے۔ پاکستان غربت کے خاتمے، زمین اور ماحول کے تحفظ کے اصولوں پر کاربند رہے گا، ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان جیسے ترقی پزیر ممالک کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ سیلاب کے پیشِ نظر عالمی برادری کو اپنی ذمے داریوں کا احساس کرنا ہوگا، پاکستان نے غربت کے خاتمے کیلئے مختلف پروگرام شروع کئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ غربت کے خاتمے کیلئے نیشنل رورول سپورٹ پروگرام، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام/احساس پروگرام، صحت کارڈ جیسے مختلف اقدامات لئے گئے، پاکستان مستقبل میں بھی غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات کرتا رہے گا۔