پُرامن احتجاج کریں: عمران خان کی الیکشن کمیشن فیصلے کے بعد کارکنوں کو ہدایت

Published On 21 October,2022 04:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے نا اہلی فیصلے کے بعد کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ پر امن احتجاج کریں۔

 یاد رہے کہ قبل الیکشن کمیشن پاکستان نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نا اہل قرار دیتے ہوئے ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دے دی ہے اور ساتھ ہی عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا ہے جسکے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

 دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں سابق وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیئر قیادت کے مشاورتی اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران ملک میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو ہوا نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان نے قانونی ٹیم کو پٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے،

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کا آج شام عوام سے خطاب کا بھی امکان ہے۔

اس موقع پر عمران خان نے مظاہرین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صرف پُرامن احتجاج کیا کریں۔جانبدار الیکشن کمیشن کے اسی طرح کا فیصلہ متوقع تھا، چیف الیکشن کمشنر پی ڈی ایم کا اتحادی ہے، موجودہ الیکشن کمیشن اور اسکے فیصلوں کی کوئی ساکھ نہیں۔

Advertisement