اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی شکل میں پاکستان کو ایک بہروپیے سے واسطہ پڑا ہے جو گرگٹ کی طرح رنگ بدل کر قوم کو دھوکہ دے رہا ہے، آج ثابت ہو گیا کہ وہ صادق تھا نہ امین بلکہ وہ سب سے بڑا بین الاقوامی چور ثابت ہوا، الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، موجودہ حکومت قوم کو معاشی طور پر بہتر سمت گامزن کرنے کیلئے پوری طرح کوشاں ہے، عمران خان ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب چھوڑ کر گئے تھے اس چیلنج کو اتحادی حکومت نے قبول کیا اور دنیا پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نےکہا کہ پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مریم نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، پی ڈی ایم کا اجلاس اس لئے بابرکت ہے کہ قوم کو ایک بڑے فتنے سے نجات مل گئی، عمران خان ایمان کا قاتل، مال کا چور، حیاء کا ڈاکو، بدتہذیبی کا ماسٹر مائنڈ اپنے انجام کو پہنچا ہے، الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں بہت پہلے ہی ان کی اس چوری کو طشت ازبام کیا تھا لیکن توشہ خانہ نے اس کو بھی توشہ بنا کر چھوڑا ہے، کتنی شرمندگی کی بات ہے کہ کسی ملک کے حکمران کے سامنے من حیث القوم ہمارے سر جھک گئے کہ ہم نے اس کے تحفے کو چوری چھپے بازار میں بیچا اور جس معیار کی وہ گھڑی تھی وہ دکاندار بھی حیران تھے اور واپس بادشاہ کے پاس پہنچے جس پر بادشاہ بھی حیران تھا کہ میری گھڑی مارکیٹ میں کیسے پہنچی، قوم کے سر شرم سے جھکا دیئے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج صورتحال پوری قوم کے سامنے واضح ہو گئی ہے، فتنے سے پاکستان کو نجات مل گئی ہے، حقائق سامنے آ چکے ہیں اور مزید سامنے آئیں گے، پی ڈی ایم نے اپنے اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پر بھی غور کیا، جس دلدل کی طرف عمران خان کی حکومت نے ملکی معیشت کو دھکیلا تھا ہم نے گذشتہ 6 ماہ ایک انتہائی مشکل کا مقابلہ کیا، معاشی طور پر تباہ حال پاکستان جو بلیک لسٹ اور دیوالیہ ہونے جا رہا تھا لیکن حکمت عملی کے ذریعے آج ایف اے ٹی ایف نے بھی پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا، آج کے فیصلہ کی برکت ہے کہ پاکستان جہاں گذشتہ حکومت میں دیوالیہ ہونے کے قریب تھا گرے سے واپس وائٹ لسٹ میں آ گیا ہے، یہ پورے ملک کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی پالیسی مثبت رخ پر جا رہی ہے، ہم یہ بھی اعتراف کرتے ہیں کہ ان پالیسیوں کے اثرات قوم تک پہنچتے پہنچتے کچھ وقت لگے گا لیکن ملکی معیشت کے بہتری کی جانب سفر کو دنیا تسلیم کر رہی ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار دن رات محنت کرکے پاکستانی روپے کو ڈالر کے مقابلہ میں مستحکم بنانے کیلئے مصروف عمل ہیں، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، حکومت اپنے معاشی اہداف آنے والے مہینوں میں پورا کرے گی اور ملک کو ان چیلنجوں سے نکالنے میں کامیاب ہو گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گذشتہ تین چار سالوں میں عمران خان نے جو معاشی دیوالیہ پن کے قریب کیا ہے اور ان کے جو سیاہ کارنامے سامنے آ رہے ہیں کیا وہ عدلیہ سے یہ توقع رکھیں گے کہ وہ ان کے کالے قانون پر پردہ ڈالے گی ایسا نہیں ہو گا، ہمیں عدالتوں کا احترام ہے، ملک میں امن و امان کی خرابی کا باعث بننے والوں کیلئے حکیم ثناء اﷲ نے نسخے تیار کر رکھے ہیں، یہ کارآمد نسخے ہیں، یہ اسلام آباد کا رخ نہیں کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے اور عمران خان کہہ رہا ہے کہ یہ امپورٹڈ حکومت ہے، اس سوچ پر عقل دنگ رہ جاتی ہے، یہ بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جوبائیڈن نے پاکستان کے خلاف جو بیان دیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنا چاہتا ہے اور دوسری طرف عمران خان بھی پاکستان کے جوہری پروگرام کو ختم کرنا چاہتا ہے دونوں کا ہدف ایک ہے لیکن فوج، بیورو کریسی اور سیاسی و مذہبی جماعتیں، صحافیوں سمیت ہر طبقہ نے ایک قومی مؤقف کے طور پر جوبائیڈن کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلح جتھے اب قوم کیلئے قابل قبول نہیں ہیں۔