اسلام آباد: (دنیا نیوز) 38 .292 ارب روپے کی لاگت سے کراچی سرکلر ریلوے کی منظوری دے دی گئی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی زیرصدارت سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 38 .292 ارب روپے کی لاگت سے کراچی سرکلر ریلوے کی منظوری دے دی گئی، یہ منصوبہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سڑکوں کے نیٹ ورک، پبلک ٹرانسپورٹ/ ماس ٹرانزٹ سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک مینجمنٹ سمیت ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
کے سی آر کی ایک جدید اربن ریلوے کے طور پر ترقی کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی موجودہ سہولیات میں اضافہ کرے گی جو کہ جدید ماس ٹرانزٹ سہولیات کی عدم دستیابی اور بڑی بسوں کی رسد میں کمی کی وجہ سے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے کم تھیں۔
منصوبے کا بنیادی مقصد میٹروپولیٹن سٹی کراچی کو قابل اعتماد، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے میں 43 کلومیٹر کے دوہرے ٹریک اربن ریل ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تعمیر 4 سال کی مدت میں متوقع ہے۔ اس منصوبے سےیومیہ 457,000 مسافر مستفید ہوں گے جبکہ مستقبل میں یہ تعداد 10 لاکھ یومیہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ منصوبے میں الیکٹرک ٹرینوں کا استعمال کیا جائے گا ۔ منصوبے کے تحت شہر کوریڈور کے ساتھ ساتھ تیس اسٹیشن بھی بنائے جائیں گے۔