لاہور: ( دنیا نیوز) ریلوے انتظامیہ نے لاہور سے روہڑی تک ٹرین آپریشن جزوی طور پر بحال کردیا،خیبر میل ایکسپریس لاہور سے براستہ ملتان روہڑی تک جائے گی۔
کراچی اور کوئٹہ کے درمیان چلنے والی دیگر ٹرینیں تاحال بحال نہ کی جا سکیں،لاہور سے کراچی اور کوئٹہ کے لیے ٹرین آپریشن 16 ویں روز بھی بند ہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق سکھر اور کراچی ڈویژن میں مختلف مقامات پر تاحال ٹریک پانی میں ڈوبا ہے، سیلاب کے باعث ریلوے کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے آج سے صرف ایک ٹرین روہڑی تک چلائی ہے، خیبر میل ایکسپریس اس سے قبل پشاور سے براستہ لاہور ملتان تک چلائی جارہی تھی۔
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے 11ستمبر تک ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ اور ریزرویشن بھی بند کی گئی ہے، 11ستمبر کے بعد ٹریک کی صورتحال کا جائزہ لے کر ٹرین آپریشن کی بحالی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔