یو اے ای سے مزید 2 طیارے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لیکر کراچی پہنچ گئے

Published On 10 September,2022 11:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات سے مزید 2 طیارے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر کراچی ائرپورٹ پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر میں شدید بارشوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کے باعث مختلف ممالک سے امداد آنے کا سلسلہ جاری ہے، آج صبح بھی متحدہ عرب امارات کے مزید 2 طیارے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈ ہوئے ہیں۔

برادر ملک کی جانب سے اب تک سیلاب متاثرین کی امداد کے سلسلے میں مجموعی طور پر 16 پروازیں کراچی پہنچ چکی ہیں، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے بحالی، این ڈی ایم اے کے نمائندے اور پاک فوج کے 5 کور کے افسر نے اماراتی طیارے کے عملے کا استقبال کیا اور امدادی سامان وصول کیا۔

اس سے قبل جمعرات کے روز بھی 2 پروازیں متحدہ عرب امارات سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے سامان لے کر پہنچی تھیں۔
 

Advertisement