کراچی:(دنیا نیوز) سندھ میں سیلابی صورتِ حال کے باعث غیرفعال ریلوے ٹریک بحال کر دیا گیا، ملک بھر کراچی تک مرحلہ وار ٹرین سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے، پہلی ٹرین رحمان بابا ایکسپریس صبح 10 بجے کراچی سے مسافروں کو لے کر راولپنڈی کے لئے روانہ ہوگئی۔
سندھ میں سیلابی صورتِحال کے باعث 26 اگست سے غیرفعال ریلوے ٹریک کو بحال کردیا گیا، کراچی سے پنجاب اور کے پی کے لیے ٹرینوں کو مرحلہ وار شروع کیا جا رہا ہے۔
پہلی ٹرین رحمان بابا ایکسپریس صبح 10 بجے کراچی سے براستہ فیصل آباد راولپنڈی کے لیے روانہ کر دی گئی جبکہ پشاور سے چلائی جانے والی خیبر میل آج کراچی پہچے گی جو رات سوا 10 بجے پشاور کے لیے روانہ کی جائے گی۔
دوسری جانب قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس 5 اکتوبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اندرون سندھ سیلاب کی صورتحال کے باعث کراچی سے صرف 2 مسافر ٹرینیں چلائی جا رہی تھیں، دونوں ٹرینیں مہران ایکسپریس اور شاہ لطیف ایکسپریس براستہ حیدرآباد میرپور خاص کے لئے روانہ کی جاتی تھیں جب کہ کراچی تا دھابیجی کے لیے لوکل ٹرین ( کے سی آر ) سروس سیلاب کی صورتحال میں بھی بحال رہی۔