اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کے تناظر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیتے ہوئے قیمتوں کے تعین میں درپیش مسائل کو جلد حل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت سیلاب زدگان کیلئے امدادی کارروائیوں سے متعلق اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سنٹر کے حکام نے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو سیلاب زدگان میں امدادی اشیا کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ امدادی کارروائیوں میں در پیش مسائل کو حل کیا جائے۔
انہوں نے سیلاب کے تناظر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتوں کے تعین میں درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ امدادی کارروائیوں میں شامل افراد کی سکیورٹی کو مؤثر بنایا جائے ۔امدادی رقوم کی ادائیگی میں کٹوتی کی شکایات کی روک تھام کی جائے۔ سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔