اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی ایک قومی ناسور کی صورت اختیار کر چکا ہے اور جس کا علاج قوم کی زندگی کے لئے بہت ضروری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نفرت اور قوم کو تقسیم کرنے کی بات کر رہے ہیں، سب سے بڑے چور ڈاکو عمران خان خود ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ آج مزید عیاں ہوگیا ہے،اگر کوئی عمران خان کے مفادات کیلئے کام کرنے سے انکار کرے تو غدار قرار دیا جاتا ہے، اس آدمی کی ذہنی پستی دیکھیں کس حد تک نفرت اور قوم کو تقسیم کرنے کی سیاست کر رہا ہے
انہوں نے کہا کہ نیوٹرل ایک بڑا باعزت لفظ ہے اور رہے گا، عمران خان نے نیوٹرل کے لفظ کو گالی کے طور پر استعمال کیا، میر جعفر میر صادق، نیوٹرل، غدار اور جانورجیسے الفاظ سے پکارا گیا،آرمی چیف نے ملک کی بڑی خدمت کی اور معیشت کو استحکام دیا، آج جو چیزیں سامنے آئیں وہ بہت اہمیت کی حامل ہیں، آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے ایکسٹینشن فار لائف کی پیشکش کو ٹھکرایا۔
وزیر داخلہ نے ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ارشد شریف کی شہادت پر پروپیگنڈا کیا، عمران خان کا بیانہ ہے ارشد شریف کو بیرون ملک جانے کیلئے ڈرایا دھمکایا گیا، ارشد شریف کو پہلے مشورہ دیا گیا آپ باہر چلے جائیں پھر دبئی سے کینیا بھیجا گیا، کے پی حکومت نے ارشد شریف کی جان کے خطرے کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کیا، کینیا میں ارشد شریف جہاں قیام پذیر تھے وہ فارم ہاؤس تھا اور وہ متنازع تھا، متنازع فارم ہائوس سے متعلق رپورٹ جلد مل جائے گی کہ وہ کس کا ہے۔
سینئر رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سائفر کا ڈرامہ رچایا اور ڈپلومیٹک اسٹیٹس کو تباہ کیا، اس نے ملک اور قوم کا نہیں سوچا کہ کتنا نقصان ہوگا، آڈیو لیک سے بھی عمران خان کا گھناؤنا چہرہ سامنے آیا ہے، عمران خان 6 ماہ سے کوشش میں ہیں کہ فوج سیاست میں حصہ لے اور ان کو دوبارہ لائے۔