لانگ مارچ ناکام ہوا تو قوم ناکام ہو گی: پاکستان تحریک انصاف

Published On 28 October,2022 02:40 pm

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ناکام ہوا تو قوم ناکام ہو گی۔

لاہور میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری،اسد عمر ودیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن سینئر صحافی ارشد شریف کے نام ہے اور گزشتہ روز ایک بزرگ صحافی کو بھی گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا اور ملک میں ایسا تماشہ بنا ہوا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا، اگر نظام کو بدلنا چاہتے ہو تو گھر سے نکلو ورنہ بچوں کی زندگیاں بھی سڑے نظام میں گزریں گی۔

فواد چودھری نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلے کو مسترد کرنا چاہیے اور اگر یہ مارچ ناکام ہو گا تو قوم ناکام ہو گی لیکن اگر مارچ کامیاب ہوا تو عوام کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایجنڈے کے تحت پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہو رہی ہے اور پی ٹی آئی پرفیکٹ جماعت نہیں ہم میں بھی کمزوریاں ہوں گی۔ جس نے سیاسی خودکشی کرنی ہے وہ طبقہ پی ٹی آئی کو چھوڑ سکتا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پوری پارٹی عمران خان کے ساتھ ہے اور مزید لوگ عمران خان کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ آج وزیر اعظم کے فوکل پرسن مستعفی ہوئے ہیں اور مزید لوگ اب ن لیگ سے چھوڑ کر آرہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ درخواست میں لکھا 4 نومبر سے دھرنوں اور جلسوں کا سلسلہ شروع ہو گا اور درخواست میں کہا ہے کہ آئین ہمیں جلسوں کی اجازت دیتا ہے۔ چاہے الٹے لٹک جائیں کچھ کر لیں ووٹ عمران خان کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کوئی دھچکا نہیں لگنے والا اور پورے سال جلسے کریں تو بھی ہمیں آئین اس کا حق دیتا ہے، ملکی مسائل کا حل نئے الیکشن ہیں اور حکومت الیکشن کی تاریخ دے ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ لوگ وردی سے عشق کرتے ہیں۔
 

Advertisement