اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کے لانگ مارچ میں مسلح جتھوں کی شمولیت کے خدشے پر انٹیلی جنس ذرائع نے حکومت کو رپورٹ بھجوا دی۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں صورتحال کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
لانگ مارچ سے متعلق انٹیلی جنس ذرائع کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشتہاری اور جرائم پیشہ عناصر میں ملوث عناصر کی مظاہرین کی شکل میں لانگ مارچ میں شامل ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لانگ مارچ میں گڑ بڑ ہوسکتی ہے۔ علی امین گنڈا پور، شہریار آفریدی، اور قاسم سوری گینگز لا رہے ہیں۔ پہلے بھی پی ٹی آئی کے مارچ میں مسلح افراد اور اسلحہ پکڑا گیا تھا۔
رپورٹ میں مزید کہاگیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر کو جرائم پیشہ عناصر کی سہولت کاری کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ صوبائی حکومت کی سرپرستی سے امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔