اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف "شرم الشیخ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن سمٹ" میں شرکت کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ پہنچ گئے۔
یہ سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی 27ویں کانفرنس (COP-27) کے ایک حصے کے طور پر ہو رہا ہے۔ COP-27 کی مصری صدارت کی دعوت پر وزیر اعظم 8 نومبر 2022 کو اپنے نارویجن ہم منصب کے ساتھ "کلائمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیبلٹی آف ولنرایبل کمیونٹیز" پر ایک اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے کی شریک صدارت بھی کریں گے۔
وزیر اعظم اعلیٰ سطحی تقاریب بشمول اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ایگزیکٹیو ایکشن پلان کے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے آغاز کے لیے گول میز میں بطور اسپیکر بھی شرکت کریں گے اور 7 نومبر کو "مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ" جس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم سمٹ کی سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
کاپ 27 ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب پاکستان میں لاکھوں لوگ اور دنیا کے دیگر حصوں میں لاکھوں لوگ موسمیاتی تبدیلی کے شدید منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس رجحان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایک ترقی پذیر ملک کے طور پر پاکستان ماحولیاتی یکجہتی اور موسمیاتی انصاف کی فوری ضرورت کے لیے ایک مضبوط کال کرے گا، جو مساوات اور مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں کے قائم کردہ اصولوں پر مبنی ہے۔
77 گروپ کے موجودہ چیئر کی حیثیت سے جو کہ اقوام متحدہ کے نظام میں ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا مذاکراتی بلاک ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات بشمول موضوعاتی شعبوں جیسے کہ موسمیاتی مالیات، موافقت، تخفیف اور صلاحیت کی تعمیر میں گروپ کی قیادت بھی کرے گا۔
کوپ 27 اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج (UNFCCC) کے تحت فیصلہ سازی کا سب سے بڑا ادارہ ہے، جو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کا جائزہ لینے اور آگے بڑھانے کے لیے سالانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرتا ہے۔ ایک اہم اسٹیک ہولڈر کے طور پر، پاکستان عالمی موسمیاتی تبدیلی پر بحث، مذاکرات اور اجتماعی کارروائی میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔