اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور رہنماؤں نے شمس آباد میں کئی گھٹنے سے اجتجاج کرتے ہوئے مری روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک بند کر دی۔
راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے کارکنان احتجاج کے لیے سڑکوں پر آگئے، لاہور اور پشاور موٹروے سمیت متعدد سڑکیں ٹائر جلا کر بلاک کر دیں۔
گلزار قائد ایئرپورٹ روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے سڑک بلاک کردی گاڑیوں کا رش لگ گیا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے حکومت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے علامہ اقبال پارک کے باہر نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مری روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی، سڑک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔
پی ٹی آئی کا آئی جے پی روڈ پر احتجاج صوبائی وزیر راجہ بشارت کی سربراہی میں جاری ہے، مظاہرین نے ٹائر جلا کے آئی جے پی سے اسلام آباد جانے والی سڑک بلاک کر دی۔ مظاہرین کی جانب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ اسی طرح پیروھادائی پر بھی مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کردئیے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کا انتباہ
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کر دئیے ہیں، اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور پاکستان رینجرز کے دستے روانہ کر دئیے گئے ہیں، وفاقی حکومت کو درخواست بھیجی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 3 اور 4 کے تحت صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ موٹروے اور ایئر پورٹ کے راستے کھلے رکھے جائیں۔
مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کردئیے ہیں۔
— Islamabad Police (@ICT_Police) November 7, 2022
اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور پاکستان رینجرز کے دستے روانہ کردئیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کو درخواست بھیجی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 3 اور 4 کے تحت صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ موٹروے 1/2
ٹوئٹر پیغام میں وفاقی پولیس کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر کے خلاف تھانہ نون میں مقدمات درج کیے جائیں گے، عوام سے بھی گزارش ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی اور شرپسند عناصر کے خلاف اطلاع پکار 15 پر دیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کی بندش کے معاملہ پر پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کا رات گئے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں پرویز خٹک، شیخ راشد شفیق، عامر کیانی کے وارنٹ لے لئے گئے ہیں، علی امین گنڈا پور اور ملک عامر ڈوگر کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ تک رینجرز، ایف سی اور وفاقی پولیس کا گشت پر مامور کیا جائے گا، اسلام آباد ائیر پورٹ تک روڈ بند کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔