لاہور: (لیاقت انصاری سے) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران حملہ کی ایف آئی آر سے متعلق سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملزم نامزد کر چکے، ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔
زمان پارک میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی پارٹی رہنمائوں اور لیگل ٹیم کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں وزیراباد واقعے کی ایف ائی آر کے اندراج میں تاخیر کا جائزہ لیا گیا۔ مشاورت میں سپریم کورٹ کی طرف سے مقدمے کے اندراج کیلئے پنجاب پولیس کو جاری ہدایات پر بھی غور کیا گیا۔
مقدمہ کے مدعی زبیر خان نیازی نے بتایا کہ تھانہ وزیراباد میں وکلاء بیٹھے ہوئے ہیں لیکن سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی مجبور ہو کر پولیس کمپلنٹ سنٹر میں آن لائن درخواست جمع کروائی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم درخواست میں ملزم نامزد کر چکے ہیں انکے خلاف ایف ائی آر درج ہونی چاہئیے۔