لاہور: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے پولیس کی وردی کے حوالے سے ریمارکس پر شدید رد عمل دیتے ہوئے ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ سیاسی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہوکر فرائض انجام دے رہے ہیں، حکومت پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے کی گئی توہین کا نوٹس لے۔
خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے پنجاب پولیس کی وردی کے لیے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا جس پر پنجاب پولیس نے ردعمل دیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شاہ محمود قریشی کی طرف سے ہزاروں شہدا پولیس کی وردی کو گالی دینا شدید افسوسناک ہے، وزیر آباد کا واقعہ افسوسناک ہے، جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد سے ہمدردی ہے، اِس سانحے پر سیاسی جماعت کی طرف سے الزامات کی نوعیت اور اُن کی حساسیت کے پیشِ نظر مقامی پولیس کی طرف سے انتہائی احتیاط ناقابلِ فہم نہیں، حساس قومی اور سیاسی تنازعات سے جڑے مقدمات میں احتیاط کوئی نئی بات نہیں۔
اس حوالے سے ترجمان نے مزید کہا کہ ماضی قریب میں مختلف سیاسی اور قومی رہنماؤں کے خلاف قومی اداروں اور مذہبی جذبات کی توہین جیسے الزامات کی درخواستوں پر بھی ایسی ہی احتیاط کا مظاہرہ کیا گیا، اِن سیاسی رہنماؤں میں شاہ محمود قریشی کی پارٹی کے رہنما بھی شامل ہیں، پولیس سیاسی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے، حکومت سے توقع ہے کہ حکومت میں شامل جماعت کے رہنما کی طرف سے پولیس کی وردی کی توہین کا نوٹس لیا جائے گا۔