لاہور: (ویب ڈیسک) ولی عہد متحدہ عرب امارات ، ایتھوپین وزیراعظم، بحرینی ولی عہد، قطری امیر کا پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس کی زد میں آ کر عمران خان، فیصل جاوید، احمد چٹھہ سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ ایک کارکن معظم زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
اس واقعے کے بعد دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان سے آج متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید، ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد، بحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد ال خلیفہ اور قطر کے امیر محمد بن تھانی نے فون پر رابطہ کیا اور ان کے صحت کیلئے نیک تمنائیں پہنچائیں۔
فوادچودھری نے مزید لکھا کہ تمام سربراہان نے پی ٹی آئی چیئر مین پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی۔