راولپنڈی: (دنیا نیوز) ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ادارے پر الزامات غیر ضروری ہیں۔ حکومت اس معاملے کی تحقیقات کرے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ادارے کے خلاف بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات یکسر ناقابل قبول ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے بالخصوص ایک اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف بے بنیاد الزامات ناقابل قبول ہیں، آج ادارے پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک ہیں۔
بیان کے مطابق پاک فوج کو انتہائی پیشہ ورانہ ہونے پر خود پر فخر ہے، پاک فوج ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل فوج ہے، پاک فوج کا ایک مضبوط اور انتہائی مؤثر اندرونی احتسابی نظام ہے۔ کسی کو بھی ادارے یا اس کے سپاہیوں کی بےعزتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے، حکومت بغیر کسی ثبوت ادارے کی ہتک کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ادارے اور اہلکاروں پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی پر زور مذمت کرتے ہیں، یہ ادارہ افسروں اور سپاہیوں کی بھرپور حفاظت کرے گا، مفاد پرستوں کے الزامات سے ادارے کی عزت کو داغدار کیا جائے گا تو ادارہ افسروں، سپاہیوں کی حفاظت کرے گا۔