ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے وزیر آباد میں عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کل کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کو مشکل میں ڈال سکتی ہے، عمران مذہب سے ناوقف ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معاشرے میں نفرتوں کی جو آگ لگائی، اب خود ہی اسی آگ میں جلنے والے ہیں، سیاست میں اندھی مذہبی جنونیت کا استعمال انہیں لے ڈوبے گا۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ واقعہ پنجاب کی حدود میں پیش آیا، جہاں پی ٹی آئی کی اپنی حکومت ہے، ملزم کو ان کی پارٹی کے کارکن نے پکڑ کے پنجاب پولیس کے حوالہ کیا، پنجاب پولیس نے ہی ملزم سے بیان لیا جس میں ملزم نے اعتراف جرم کیا عمران دین کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں لیکن عمران اور اس کے رفقا بلاتحقیق وزیراعظم، رانا ثناء اللہ اور ایک اعلیٰ افسر پر الزام لگا کر اشتعال پھیلا رہے ہیں،جس سے معاملہ مشکوک ہو گیا ہے۔
امیر جمعیت علمائے اسلام کا کہنا تھا کہ اس معاملہ کی اعلی سطحی تحقیقات ضروری ہو گئی ہے تاکہ قوم کو اصل حقائق سے باخبر رکھا جا سکے، ایسے واقعات کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے نتائج خطرناک ہوں گے، کل کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کو مشکل میں ڈال سکتی ہے، عمران مذہب سے ناوقف ہیں لیکن ہر معاملہ میں مذہبی ٹچ دیکر اپنے کارکنوں کو گمراہ کرنے کے علاوہ مذہبی جنونیت کو فروغ دے رہیں جس کے نتائج ملک اور معاشرہ کے علاوہ خود عمران اور اس کی جماعت کے لئے بھی اچھے نہیں ہوں گے۔