متحدہ عرب امارات ، ترکیہ اور ایران کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت

Published On 04 November,2022 05:27 pm

دبئی، تہران: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات ، ترکیہ اور ایران نے سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اللہ رب العزت سے سابق پاکستانی وزیر اعظم اور اس حادثے کے دیگر زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ تحریک انصاف پارٹی کے سربراہ عمران خان پر حملہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

ایرانی سفیر نے عمران خان اور شوٹنگ حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر افراد کے لیے صحت یابی کی دعا کی۔

یو اے ای

متحدہ عرب امارات نے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے ٹویٹ کیا کہ امارات تشدد اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

ترکیہ

ترک وزارت خارجہ کے جاری کردہ تحریری بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم پاکستان میں سیاسی جلوس کے دوران ملک کے سابق وزیر اعظم کو ہدف بنا کر کئے گئے اور ایک شخص کے جاں بحق کا سبب بننے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

بیان کے مطابق ہم اس حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی بھائی کے لئے اللہ سے رحمت و مغفرت کے طلبگار اور خان اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے متمنّی ہیں۔ پاکستان کے امن و استحکام کو اہمیت دیتے ہیں اور ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دینا جاری رکھیں گے۔