لاہور: (دنیا نیوز) وزیر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم کو بچانے والے کارکن ابتسام حسن مہر کی پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔
عمران خان پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو پکڑنے والے نوجوان نے اپنے لیڈر سے ملاقات کی، یہ ملاقات شوکت خانم ہسپتال میں ہوئی، جہاں پر خصوصی طور پر انہیں مدعو کیا گیا۔
ابتسام حسن مہر وزیرآباد کے محلہ گلی شیشیانوالی کا رہائشی ہے، ابتسام حسن مہر نے جان پر کھیل کر ملزم نوید کو فائرنگ کرتے پکڑا تھا، کپتان نے نوجوان ابتسام حسن مہر کو شاباش دی۔ کندھا تھپتھپایا۔
پی ٹی آئی کارکن نے کہا کہ میری والدہ آپ (عمران خان) کی بہت بڑی فین ہے، میری گزارش ہے جب بھی آپ وزیر آباد آئیں تو میرے گھر ضرور آئیں، اس پر سابق وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ جب بھی وزیر آباد آؤں گا تو میں ضرور آؤں گا۔
کپتان نے نوجوان ابتسام حسن مہر کی حملہ آور کو پکڑتے وقت پہنی شرٹ سائن کی، ابتسام حسن مہر کے لیے پنجاب حکومت نے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان نے وزیرآباد آمد پر ابتسام کے گھر آنے کا وعدہ کیا ہے، ابتسام حسن عمران خان کا دیوانہ اور محلے میں پی ٹی آئی ٹائیگر مشہور ہے۔