لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد پی ٹی آئی کی کال کو عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ درجن بھر کارکنوں کے علاوہ احتجاج میں عوام کی عدم شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ پی ٹی آئی کے فتنہ اور انتشار کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہے۔ پنجاب حکومت کی خاموشی اور احتجاجی کارکنوں کے غیر قانونی عمل میں معاونت قابل مذمت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبائی حکومتیں مٹھی بھر کارکنان کی پشت پناہی سے باز رہیں، عوام کوتکلیف پہنچانے اور شاہراؤں کوبند کر نے کےعمل کو فی الفور روکیں، آئی اور چیف سیکرٹری قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف تادیبی کارروائی کریں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دو روز سے پولیس کی پروٹیکشن اور صوبائی حکومتوں کی ایما کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کا سڑکیں بلاک کرنا، قومی شاہراؤں کو بند کرنا قابل مذمت، باعث شرم ہے، پی ٹی آئی اپنی فسطائی سیاست کی ناکامی کا غصہ عوام کو مشکلات اور تکلیف میں ڈال کر نکال رہی ہے، عوام انتہائی مشکلات کا شکار ہیں۔