اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ذاتی انتقام کیلئے جھوٹی ایف آئی آر درج کرانا چاہتے ہیں، دعوے سے کہتا ہوں،گرفتار ملزم ہی اصل ملزم ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر حملے میں کوئی اور ملوث نہیں، ہمارے خلاف مقدمہ درج کرائیں شامل تفتیش ہونے کو تیار ہیں، عمران خان ذاتی انتقام کیلئے جھوٹی ایف آئی آر درج کرانا چاہتے ہیں، دعوے سے کہتا ہوں،گرفتار ملزم ہی اصل ملزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا قانون اتنا بے بس نہیں ہے کہ کوئی فراڈیا کہے اور چیف جسٹس اور آرمی چیف کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی جائے۔ ایسا تماشا ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیتا ہے، عمران خان نے ایک سینئر فوجی افسر کا نام دیا ہے، فوج ایک منظم ادارہ ہے کوئی اس کی پالیسی کے خلاف نہیں جاسکتا۔