لاہور(دنیا نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا کسی ادارے سے کوئی اختلاف نہیں ہے، 12 جماعتوں کا فوج کو کنٹرول کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔
سابق وزیراعظم نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رجیم چینچ پر پوری ملک کا معاشی نقصان ہوا۔ عوام کا سیاسی نظام سے اعتبار اٹھتا جا رہا ہے۔ ہمیں ملک میں قانون کی حکمرانی لانا ہے۔ الیکشن آج ہوں یا بعد میں، شفاف ہونے چاہئیں۔ انتخابات کے جلد یا بدیر ہونے سے تحریک انصاف کو کوئی نقصان نہیں ہو گا۔
عمران خان نے کہا کہ لندن میں بیٹھا مجرم کیسے آرمی چیف لگا سکتا ہے۔ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہیے۔ ان کا پسند کا آرمی چیف لگانے کا مقصد صرف تحریک انصاف کو نقصان پہنچانا ہے۔ صدر مملکت آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل مجھ سے مشاورت ضرور کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہے اور میں نے کہا تھا کہ اگر کچھ ہوا تو میں عوام کے پاس جائوں گا۔ 26 نومبر کو پاکستان میں سیاسی کلائمیکس ہو گا۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات بارے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکا سے برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہوں۔ کسی بھی ملک سے تعلقات ذاتی نہیں، ریاست کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔