لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کوئی اور طریقہ ملک میں سیاسی استحکام نہیں لا سکتا، حکومت انتخابات کی طرف بڑھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں فواد چودھری نے لکھا کہ پاکستان میں کل 859 نشستوں پر براہ راست انتخابات ہوتے ہیں، تحریک انصاف کے استعفوں کے نتیجے میں قومی اسمبلی کی 123،پنجاب اسمبلی کی 297، خیبر پختونخواہ کی 115، سندھ اسمبلی کی 26 اور بلوچستان کی دو نشستوں پر انتخابات ہوں گے کل 563 نشستوں پر عام انتخابات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نام پر رانا ثنااللہ اینڈ کمپنی کو پسینے کیوں آ رہے ہیں، عمران خان کا عوام پر اعتماد ہے کہ اپنی حکومتیں تحلیل کر کے انتخابات میں جا رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گھوڑا بھی ہے اور میدان بھی انتخابات کے علاوہ کوئ اور طریقہ ملک میں سیاسی استحکام نہیں لا سکتا آئیے انتخابات کی طرف بڑھیں۔