لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ سینیٹراعظم سواتی پر نا انصافی کے معاملے پر معزز ججز سے میں پھر سے پوچھتا ہوں اس سب میں انصاف کدھر ہے؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ دستور کا آرٹیکل 14 شرفِ انسانی کو قابلِ حرمت قرار دیتا ہے؛ چنانچہ سپریم کورٹ کے معزز ججز سے میرا سوال ہے آیا دستور کے اس آرٹیکل کا اطلاق محض ریاست کے طاقتور حکام تک ہی محدود ہے کیونکہ باقی سب کیلئے تو شرفِ انسانی جیسے بنیادی حق کو بھی تحفظ حاصل نہیں؟
Article 14 of our Constitution refers to "Inviolability of dignity of man"; so my question to our Honourable SC Judges is whether this provision is only applicable to the powerful of the State & for everyone else there is no protection of their basic human dignity?
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 28, 2022
پی ٹی آئی چیئر مین نے مزید کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کو برہنہ کیا گیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی اہلیہ کو ایک غیر اخلاقی ویڈیو بھجوا کر ان کی تذلیل کی گئی۔ ہفتوں تک وہ سپریم کورٹ سےحصولِ انصاف کے منتظر رہے مگر ان کی کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔ جب قابلِ فہم غصے اور مایوسی کےعالم میں وہ (ان زیادتیوں پر) ردِعمل کا اظہار کرتےہیں تو انہیں جیل میں ڈال دیا جاتا ہےاور ملک بھر میں ان کیخلاف کم و بیش 15 پرچے کاٹ دیے جاتے ہیں۔
عمران خان نے لکھا کہ اپنے معزز ججز سے میں پھر سے پوچھتا ہوں اس سب میں انصاف کدھر ہے؟ کیا دستور کا آرٹیکل 14 امتیازی طور پر محض اعلیٰ و طاقتور ریاستی حکام کیلئے ہی قابلِ اطلاق رہے گا؟