استعفوں کے معاملے پر پی ٹی آئی میں پھوٹ پڑچکی ہے، انجینئر امیر مقام

Published On 27 November,2022 11:38 pm

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برا ئے سیاسی عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نیازی نے اپنے ناکام لانگ مارچ کے دوران قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر پی ٹی آئی میں دراڑ پڑ چکی ہے، عمران خان یوٹرن کے ماہر ہیں انہیں اس کی یونیورسٹی بنانی چاہیے۔

ضلع سوات میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں ملکی معیشت کو تباہ کیا، جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے اور ریاستی اداروں میں دراڑیں ڈالنے کے ان کے تمام منصوبے ناکام ہو گئے ہیں۔

انہوں نے نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ اور آئین کے مطابق کی گئی ہے،اسٹیبلشمنٹ کے خلاف عمران خان کے بے بنیاد بیانیے کو قوم نے بری طرح بے نقاب اور مسترد کر دیا ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کو ان کے جھوٹ پر مبنی بیانیے کا جوابدہ بنایا جائے اور انہیں یو ٹرن کا ماہر قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روز اپنی جھوٹ پر مبنی تقریر کے دوران اسمبلیوں سے استعفوں پر بھی جھوٹ بولا ہے، عمران نے صوبہ خیبرپختونخوا کو معاشی بدحالی کی طرف دھکیل دیا گیا ہے اور یہاں تک کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رقم نہیں ہے جو کہ کے پی حکومت کے دیوالیہ ہونے کی علامت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اسمبلیوں سے استعفوں کے اعلان کے بعد لوگ ہنس رہے ہیں، استعفوں کے معاملے پر پی ٹی آئی میں دراڑ پڑ چکی ہے، ارشد شریف قتل کیس کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے، الیکشن وقت پر ہوں گے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
 

Advertisement