تمام ارکان اسمبلی چھوڑنے کے لیے تیار ہیں: سپیکر پختونخوا اسمبلی

Published On 27 November,2022 06:05 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کی اسمبلی کے سپیکر اور تحریک انصاف کے رہنما مشتاق غنی نے کہا ہے کہ ان کے تمام ارکان اسمبلی چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

 اپنے ایک بیان میں صوبائی اسمبلی کے سپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین عمران خان کے حکم کے منتظر ہیں، اسمبلی چھوڑنے میں ایک منٹ کی تاخیر نہیں ہوگی۔ اسمبلی سے نکلنے کو تیار ہیں، عمران خان کے حکم کا انتظار ہے اور ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہو گی۔ خیبرپختونخوا اسمبلی سے اگر پی ٹی آئی کے ارکان نکل جائیں تو پیچھے خالی کرسیاں رہ جائیں گی۔

اس سے قبل معاونِ خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھا کہ اسمبلی استعفوں سے متعلق عمران خان کے حکم پر فوری عمل ہوگا۔ خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کے ہر حکم پر من و عن عمل درآمد کرے گی۔ استعفے، اسمبلی تحلیل اور حکومت سے نکلنے کے لیے تیار ہیں۔سیاسی بحران کے خاتمے کا واحد حل نئے اور شفاف انتخابات ہیں، اگر امپورٹڈ حکومت ملک و قوم کے ساتھ مخلص ہے تو الیکشن کا اعلان کرے۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے صوبائی اسمبلیاں چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

Advertisement