لانگ مارچ میں متنازع تقریر: پیمرا نے اعظم سواتی کی کوریج پر پابندی لگا دی

Published On 27 November,2022 01:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے الیکٹرانک میڈیا پر پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کی ہر قسم کی کوریج پر پابندی لگا دی۔

پیمرا کے مطابق ٹی وی چینلز نے اعظم سواتی کی راولپنڈی جلسہ میں تقریر بغیر ایڈٹ کئے نشر کی، انہوں نے تقریر میں ریاستی اداروں کے خلاف متنازع اور بے بنیاد الزامات لگائے۔

پیمرا اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی سے متعلق ٹی وی چینلز پر کوئی ٹکر، خبر، بیان یا پروگرام نشر نہیں کیا جا سکتا جبکہ اعظم سواتی کی تقریر دوبارہ نشر کرنے، انہیں کسی شو میں بطور مہمان بلانے اور بیان یا ٹکر چلانے پر پابندی ہوگی۔

اعظم سواتی کی ریاستی اداروں کے خلاف تقریر نشر کرنا پیمرا آرڈیننس، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے جبکہ ریاستی اداروں کے خلاف بیانات آئین کے آرٹیکل 19 کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

لائسنس دہندگان قانون کی دفعات اور عدالتی فیصلوں کی تعمیل کرنے میں ناکام رہے، کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ٹی وی چینلز کے لائسنس کو سیکشن 30 (3) کے تحت معطل کیا جا سکتا ہے۔

 

Advertisement