لاہور: ( دنیا نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی پنجاب اسمبلی کو تحلیل نہ کرنے پر آخری حد تک جائے گی۔
مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت حمزہ شہباز نے کی، عوامی مینڈیٹ کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، پنجاب اسمبلی کی مدت کو ہر حال میں پورا کریں گے، اتحادی پارٹیوں سے کل حمزہ شہباز مشاورت کریں گے، لاہور ہائی کورٹ میں سپیکر الیکشن کی پیٹیشن اسی رات دائر کر دی تھی، یہ کیس ابھی تک سرد خانے میں پڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں عدالت سپیکر کے کیس پر فوری سماعت کرے، ہمارے ایم پی ایز معطل کیے گئے وہ کیس بھی سرد خانے میں ہے، جو بھی فیصلہ ہوا دونوں کیسز کو لگایا جائے، سیاسی و قانونی آپشن کو استعمال کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کسی کی جاگیر نہیں، پنجاب اسمبلی میں (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے ووٹ برابر ہیں، عمران خان اپنے تمام مقاصد میں فیل ہونے پر اسمبلیوں کو تہس نہس کرنا چاہتے ہیں، پہلے آمر آج عمران خان ایسے مطالبے کر رہے ہیں، پرویز الہیٰ پتا نہیں کس غلط فہمی کا شکار ہیں، پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی کی بلی چڑھانا چاہتے ہیں، حمزہ شہباز کی ریویو پیٹیشن پینڈنگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرویزالہیٰ ایک غیر قانونی وزیراعلیٰ ہیں، عدالت میں ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، ممبر کو معطل کرنے کا ایک قانون موجود ہے، ہمیں کہا گیا ہمارے اراکین اسمبلی سیٹیاں لیکر اسمبلی میں آئے، ان کے ممبران تو اسمبلی میں لوٹے لیکر آئے تھے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی پنجاب اسمبلی جیسا احتجاج ہوا وہاں تو ایسا ایکشن نہیں ہوا، یہ پنجاب اسمبلی ہے گجرات کی اسمبلی نہیں، عدلیہ نوٹس لے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کو توڑنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔