لاہور: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ مطلوب دہشتگرد محمد نور عرف سراکئی کو مار ڈالا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مطلوب دہشتگرد محمد نور عرف سراکئی ہلاک ہو گیا، ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں، مارا گیا دہشت گرد سی ٹی ڈی کو متعدد مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ کے ممکینوں نے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔