آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات، پی ٹی آئی نے یونین، ضلع کونسلز میں میدان مار لیا

Published On 04 December,2022 11:28 pm

مظفر آباد: ( دنیا نیوز ) آزاد کشمیر میں پونچھ ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے یونین اور ضلع کونسلز میں سب سے زیادہ نشستیں اپنے نام کرکے میدان مار لیا۔

تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تحریک انصاف یونین کونسلز کی 229 اور ضلع کونسل کی 30 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے سب سے آگے رہی۔

چاروں اضلاع سے یونین کونسلز میں آزاد امیدوار 199 نشستوں کے ساتھ دوسرے جبکہ مسلم لیگ ن 129 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، پاکستان پیپلز پارٹی 104 نشستوں کے ساتھ چوتھے، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی 28 نشستوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر آئی۔

تحریک لبیک پاکستان 7 اور جماعت اسلامی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، ضلع کونسل کی 88 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 30 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ ن کے 22 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے 13 ، مسلم کانفرنس کے 4 امیدوار فاتح رہے، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے 5 امیدوار جبکہ 8 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

 

Advertisement