اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم اسمبلیاں توڑنے کے عمل کی تائید نہیں کریں گے، صدر مملکت سے کوئی باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے، ارشد شریف کے قتل کے مقدمے پر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مکاؤ، ملک بچاؤ مہم ہم بھی شروع کریں گے، اسمبلیاں توڑنا غیر جمہوری عمل ہے، ارشد شریف کے قتل کے مقدمے پر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی، دفعہ 174 کے تحت اسلام آباد پولیس تفتیش کر رہی تھی، فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بھی کیس کی تحقیقات کر رہی تھی، فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی جا رہی ہے، اب ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کی رپورٹ اس کا حصہ ہوگی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ خرم اور وقار صحافی ارشد شریف کے کیس میں باہر نہیں ہو سکتے، ان کے ساتھ اور لوگ بھی ہو سکتے ہیں، طارق وصی کی وساطت سے ارشد شریف مرحوم کینیا پہنچے اور وہاں جا کر یہ وقار احمد اور خرم احمد کے مہمان تھے، ان تینوں لوگوں کو شامل تفتیش کریں گے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان مذاکرات کے لئے اپنا رویہ تبدیل کریں، باضابطہ مذاکرات عمران خان سے ہوں گے، مذاکرات خفیہ نہیں بلکہ عوام کے سامنے ہوں گے۔