پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا جو حصہ ہے وہ ہمیں دیا جائے ورنہ ہماری حکومت ڈیفالٹ کر جائے گی۔
وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ہم تنخواہیں نہیں دے پا رہے، جب سے وفاقی حکومت آئی ہے ہم اس وقت سے مشکل سے گزر رہے ہیں، ہمیں فاٹا کے صحت کارڈ کے پیسے نہیں مل رہے، کے پی کا جو حصہ ہے اور جو وفاق پر ہمارے بقایا جات ہیں وہ ہمیں دیئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہی ہے، خیبرپختونخوا کا جو حصہ ہے وہ ہمیں دیا جائے ورنہ ہماری حکومت ڈیفالٹ کر جائے گی۔ سیلاب میں ہمارے صوبے کے لئے 10 ارب کا اعلان ہوا جس میں سے ایک پائی بھی ہمیں نہیں دی گئی، کیا خیبرپختونخوا پاکستان کا حصہ نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے مالی مسائل کے بارے میں وفاقی حکومت کے ساتھ بات کرنے کی کوشش کی لیکن وفاقی حکومت مالی اعتبار سے ہماری کوئی مدد نہیں کر رہی۔ ہمارے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، کچھ پتے ہم نے دکھا دیئے ہیں کچھ پاس موجود ہیں جو بعد میں دکھائیں گے۔