کیا حکومت اداروں کو گالیاں دینے والوں سے ملی ہوئی ہے؟، نور عالم خان

Published On 12 December,2022 08:44 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نورعالم خان حکومت پر برس پڑے اور کہا کہ اس حکومت کا ہنی مون پیریڈ گزر چکا ہے، اب بتائیں مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے، کیا حکومت اداروں کو گالیاں دینے والوں سے ملی ہوئی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے نور عالم خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو میں نے پی اے سی کے پلیٹ فارم سے بی آر ٹی سمیت بہت سے مقدمات بھیجے ہیں مگر حکومت نے کچھ بھی نہیں کیا، کیا حکومت اداروں کو گالیاں دینے والوں سے ملی ہوئی ہے، اداروں کو گالیاں دینے والوں سے حکومت کا کوئی مک مکا تو نہیں ہوگیا ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے غلط معاہدے کئے ہیں تو حکومت وہ معاہدے ایوان میں پیش کرے، اگر حکومت نے ایکشن نہ لیا تو میں عدالتوں میں جاؤں گا، حکومت بتائے فوج اور عدلیہ کے خلاف بولنے والوں کے خلاف کیا ایکشن لیا۔