لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سیاست میں ٹھہراؤ آنا چاہیے، ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کا واحد فورم صرف پارلیمنٹ ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے ناشتے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے، ہم سب کو متحد ہو کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی مشکلات کا حل صرف پارلیمان کے پاس ہے، پارلیمان کو نظرانداز کرنے سے ملک میں غیر یقینی کی صورت حال پیدا ہوتی ہے، تمام ممبران پارلیمنٹ میں آ کر اپنے حلقوں کی نمائندگی کریں، ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کو بھی اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر معیشت کو سہارا دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ہمیں قانون سازی کے ساتھ ساتھ قانون کی عملداری کو بھی یقینی بنانا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں ٹھہراؤ آنا چاہیے، استعفے منظور کرنے کے قواعد و ضوابط موجود ہیں، قانون کہتا ہے کہ اگر کوئی ممبر اسمبلی دباؤ میں آ کر استعفیٰ دے تو اسے قبول نہ کیا جائے، حکومت کی طرح اپوزیشن بھی بہت ضروری ہے، اگر عمران خان چاہتے ہیں کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں تو وہ قانون سازی میں حصہ لیں۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آ ئی حکومت کے پونے 4 سالہ دور کی کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں، تحریک انصاف کے دور میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، لاہور میں نیا شہر بسانے کے چکر میں کسانوں کی فصلیں تباہ کر دی گئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا فوکس صرف اپنے اضلاع پر ہے جبکہ عمران خان پارلیمانی نظام ختم کر کے صدارتی نظام نافذ کرانا چاہتے ہیں۔