اسلام آباد: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاک فوج کی حمایت میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کر لی گئی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے دوران مختلف معاملات پر بحث کی گئی، اسی دوران ملتان سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے قومی اسمبلی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی میں قرار داد پیش کی۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اللہ کریم کی نعمت ہے، بطور پاکستانی ، ریاست سے وفاداری، ہمارے ایمان کا حصہ ہے، بائیس کروڑ پاکستانیوں کا نمائندہ یہ ایوان، ریاست پاکستان ک ینظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا اپنے خون کے نذرانے پیش کر کے ، دفاع کرنے والی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اور افسروں و جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، یہ ایوان مسلح افواج کے خلاف ، ایک مخصوص گروپ کی طرف سے چلائی جانے والی، نا مناسب، غیر اخلاقی، غیر قانونی، بے بنیاد اور انتہائی منفی مہم کی شدید الفاظ میں پر زور مذمت کرتا ہے، تمام پاکستانیوں کا یہ نمائندہ ایوان، دو ٹوک الفاظ میں واضع کر دینا چاہتا ہے کہ پوری قوم سیسہ پیلائی دیوار سے بھی زیادہ قوت و طاقت کے ساتھ، اپنی انتہائی بہادر مسلح افواج اور دیگر تمام اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتا ہے کہ وطن عزیز کے محافظوں اور پاکستان کے خلاف مہم میں باقاعدہ پلاننگ ، یا انجانے میں ہنود و یہود کے آلہ کار بنے ہوئے، گمراہ ٹولہ کو راہ راست میں پر لانے کے لیے، ریاست و حکومت فوری طوری پر تمام اختیارات بروئے کار لائے، پاکستان کی عزت و وقار قوم کی ریڈ لئن ہے، جو بھی اپنی حدود سے آگے بڑھنے اور دشمنوں کے عزائم کی تکمیل میں معاون ثابت ہونے کی راہ سے تائب نہ ہو، ایسے عناصر کو عبرت کی مثال بنایا جانا وقت کی ضرورت ہے اور پاکستان کی محب وطن عوام اور پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن کی طرف سے پیش کی گئی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، اس کے بعد اجلاس جمعہ صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
سکھر اور ڈی آئی خان ایئر پورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان
اس سے قبل اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے اور وزیر ہوا بازی نے سکھر اور ڈی آئی خان ایئرپورٹس کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کردیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعدرفیق کا کہنا ہے کہ سکھر اور ڈی آئی خان ایئرپورٹس کی اپ گریڈیشن کیلئے ابتدائی کام مکمل ہوچکا ہے۔ ماضی میں سیاسی بنیادوں پرایئرپورٹ بنائےگئے، سیاسی بنیادوں پرایئرپورٹ نہیں بننے چاہئیں، کہا کراچی ایئرپورٹ کے رن وے کو بھی اپ گریڈیشن کرنے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر ہوابازی نے کہا کہ پی ٹی آئی دورمیں مخالفین پرجھوٹےمقدمےبنائیں گے، عمران خان کی حکومت کی آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، عمران خان کے ساتھ جو آج ہو رہا ہے وہ اس کا مکافات عمل ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ممنوعہ فارن فنڈنگ ثابت ہوگئی،خیرات چوری بھی سامنےآگئی، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا عمران خان کا وطیرہ ہے، عمران خان کو توشہ خان کے تحائف کا حساب دینا پڑے گا۔