اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے استعفوں کی دوبارہ تصدیق کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سے 125 اراکین کے استعفوں کی تصدیق کے لئے وقت مانگا جائے گا، تحریک انصاف نے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ٹاسک سونپ دیا، شاہ محمود قریشی اسپیکر قومی اسمبلی سے خط و کتابت کریں گے۔ شاہ محمود قریشی سپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کر کے استعفوں کی دوبارہ تصدیق کے لئے وقت لیں گے۔
سپیکر سے وقت طے ہونے کے بعد عامر ڈوگر تمام مستعفی ارکین کو مقررہ تاریخ پر قومی اسمبلی پہنچنے کی ہدایت کریں گے، عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین استعفوں کی تصدیق کے لیے دوبارہ قومی اسمبلی جائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے گزشتہ روز باضابطہ فیصلے کا اعلان کیا تھا۔