لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ توشہ خانہ اب شوشہ خانہ بن گیا، عمران خان نے 40 سال کا حساب دیا، ان کی ایمانداری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔
دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اپنی حکومت میں یہ کہتے تھے توشہ خانہ کی معلومات شیئر نہیں کی جاسکتیں، عمران خان نے قانون کے تحت رقم جمع کرا کر تحائف لیے، شوشہ خانہ اس لیے چھوڑا جا رہا ہے کیونکہ حمزہ شہباز کو 16 ارب کے کیس کا جواب دینا ہے، ان سے 16 ارب کا حساب مانگیں تو گھڑی لے آتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ تھوڑی ہمت کریں نواز شریف، شہباز شریف، زرداری حکومت کا توشہ خانہ ریکارڈ سامنے لائیں، قانون کے مطابق توشہ خانہ سے گاڑی نہیں لی جا سکتی، زرداری دو گاڑیاں، نوازشریف ایک گاڑی لیکر گیا، ان کا لوٹو اور پھوٹو کی سیاست پر یقین ہے، یہ اقتدار میں منگولوں کی طرح لوٹنے آ جاتے ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کمپین چلانے کے لیے وزارت اطلاعات کو 2 ارب جاری کیے گئے، عمران خان نے توشہ خانہ سے قوانین کے تحت چیزیں لیں، یہ بتائیں ملک میں مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے، ایسی چیزوں سے عمران کی شہرت کو کوئی خطرہ نہیں، عمران خان دوتہائی اکثریت سے واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو ٹیبل پر آنے کا موقع دیا تھا، معاشی حالات مسلسل خراب ہو رہے ہیں انہیں کوئی فکر نہیں، آج عمران خان کے فیصلے سے انتخابات کی راہ ہموار ہو جائے گی، یہ تو کہتے تھے اسمبلیاں تحلیل کر دیں اب خوفزدہ ہیں اور اراکین سے دستخط کرا رہے ہیں، یہ عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، اب ہم نے اس حکومت کو مزید وقت نہیں دینا۔
فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ والے اگرکیلبری فونٹ کو استعمال کر سکتے ہیں تو کچھ بھی کر سکتے ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے بے نظیر شہید، جمائما خان کے خلاف کمپین چلائی تھی، عمران خان کی اہلیہ کے خلاف مسلسل کمپین چلائی جا رہی ہے، یہ آج تک عمران خان کے خلاف ایک کرپشن کا کیس نہیں نکال سکے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم ہوتے ہوئے لندن کا ایک بھی نجی دورہ نہیں کیا، نکمی، نا اہل حکومت میں چوروں کا لوٹ مار میلہ لگا ہوا ہے، اعظم سواتی کو ضمانت نہیں ملتی 4 سال مفرور شخص کی ضمانت ہو جاتی ہے۔