اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مسلسل بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، صوبائی پولیس پر دہشت گردوں کے حملوں میں اضافہ نیک شگون نہیں، وفاق خیبرپختونخوا حکومت کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے تھانہ برگئی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مسلسل بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، وزیراعلیٰ امن و امان کی صورتحال پر سنجیدگی سے توجہ دیں، وزیر اعلیٰ اپنے صوبے میں زیادہ اور زمان پارک میں کم وقت گزاریں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا فتنہ عمران کا آلہ کار نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داریاں پوری کریں، صوبائی پولیس پر دہشت گردوں کے حملوں میں اضافہ نیک شگون نہیں، پولیس پر حملے ہو رہے ہیں تو عوام کے تحفظ کا کیا حال ہوگا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وفاق خیبرپختونخوا حکومت کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، خیبرپختونخوا حکومت شہداء کے خاندان کو شہدا پیکج کی جلد فراہمی یقینی بنائے، اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔