لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان کی ملتان ضلع کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ارکان کی جانب سے 23 دسمبر کو اسمبلی تحلیل کرنے پر تحفظات کا اظہار کر دیا گیا۔
اس موقع پر سابق وزیر اعظم عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے اراکین کا کہنا تھا کہ اگر نگران سیٹ اپ کو طویل کرلیا گیا تو ہمیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،عام انتخابات ہی ملک بچانے کا حل ہے۔ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے پی ڈی ایم کو خوفزدہ ہونا چاہیے آپ کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کی اپنی پارٹی ہے اور ان کا اپنا موقف ہے، مگر وہ ہمارے ساتھ ہیں، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔