اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور مصر کے درمیان اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت اور وسیع تر عوامی و ادارہ جاتی رابطوں کے فروغ بہت اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ مصر کے سفیر طارق محمد دھروج سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور مصر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مصر میں آئندہ ماہ COP-27 کانفرنس کے انعقاد کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ ٹیلی فون پر اپنی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر مصر کی حمایت اور اظہار یکجہتی کو سراہا۔
وزیراعظم نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں COP-27 کانفرنس کی میزبانی پر مصری حکومت کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ “ماحولیاتی تبدیلی اور کمزورطبقات سے متعلق اعلیٰ سطحی گول میز کانفرنس” کی مشترکہ صدارت سمیت فعال شرکت کےمنتظر ہیں۔ پاکستان COP-27 کانفرنس میں گروپ 77 و چین کی نمائندگی بھی کرے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور مصر کے درمیان اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ قیادت ، عوام سے عوام اور ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان مشترکہ اقدار اورنکتہ نظر پر مبنی قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے سے قریبی تعاون کرتے ہیں۔