وزیراعظم شہباز شریف یکم نومبر سے چین کا 2 روزہ دورہ کریں گے

Published On 26 October,2022 01:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف یکم سے 2 نومبر تک چین کا دورہ کریں گے، وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم یہ دورہ چینی ہم منصب کی دعوت پر کر رہے ہیں، اپریل 2022 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیر اعظم کا چین کا پہلا دورہ ہوگا، وزیر اعظم، چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف وزیراعظم لی کی چیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ میں ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کا جائزہ لیں گے، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا جائے گا۔
 

Advertisement