ریاض: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے۔
گورنر ریاض فیصل بن بندر السعود نے ریاض ائرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک خیر مقدم کیا، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، ریاض میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبے میں کثیر الجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات میں مزید بہتری کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔
قبل ازیں پیر کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم نے لکھا تھا کہ میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں شرکت کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر آج سعودی عرب روانہ ہو رہا ہوں۔ عالمی معیشت کی موجودہ حالت اضطراب پر قابو پانے اور نئی راہیں استوار کرنے کے لیے نئی سوچ اور جرات مندانہ وژن کی ضرورت ہے۔
I am leaving for Saudi Arabia today on the invitation of HRH Crown Prince Mohammed Bin Salman to attend the Future Investment Initiative Summit. The present state of the global economy needs new thinking & bold vision to overcome the irritants & forge new paths. /1 #FII6
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 24, 2022
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبے میں کثیر جہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات میں مزید بہتری کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے وزاعظم منتخب ہونے کے بعد اپنا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جس کے دوران ان کی سعودی قیادت بشمول شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں ہوئی تھیں۔