اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے 27 اکتوبریوم سیاہ کشمیر کےموقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج بوجھل دل کے ساتھ ہم کشمیر کے حوالے سے ایک اور یوم سیاہ منا رہے ہیں ،27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں غیرقانونی طور پر اتاردی تھیں، بھارت تب سے اس علاقے پر زبردستی اورغیرقانونی طور پر قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 75 برس سے کشمیر کے عوام بھارتی جبر کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں، منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کے عوام کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کے عوام کشمیریوں کو آزادی کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے حوالے سے پاکستان اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آواز اٹھائی ہے، پاکستان عالمی برادری پر مسلسل زور دیتا رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر اپنا کردار ادا کرے، جموں و کشمیر کے تنازع کا واحد حل سلامتی کونسل کی قراردادوں میں مضمر ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اس بنیادی مسئلے پر قومی اتفاق رائے ہے، ہمارے پیارے قائد نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے کوئی بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنا پڑے، کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے جدوجہد خود ارادیت کے دوران شہید کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، 75سال قبل آج کے دن بھارت دنیا میں بدترین غاضب استعماری ملک بن کرسامنے آیا، بھارت اب مقبوضہ کشمیر کو سب سے بڑا قبرستان بنانے پر تلا ہے، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی دبانےمیں ناکام ہوچکا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت میں کمی نہیں آئی، عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کوروکے، عالمی برادری کشمیری عوام سےکیا گیا استصواب رائے کا وعدہ پورا کرے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھےگا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947 انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، 27 اکتوبر 1947 کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا دور شروع ہوا جو تھما نہیں، بھارتی فوج نے بین الاقوامی قانون اور متحدہ ہندوستان کی تقسیم کے منصوبے کی خلا ف ورزی کی ہے۔
حنا ربانی کھر
وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر نے یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1974 کو بھارت نے سری نگر میں اپنی فوجیں اتار کر غیر قانونی قبضہ کیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت لوگوں کو شہید کر رہا ہے، پاکستان کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، 75 سال سے کشمیر کے عوام بھارتی جبر اور ظلم برداشت کر رہے ہیں۔
بعدازاں یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وزارت خارجہ سے ڈی چوک کی طرف ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے کی، ریلی میں کشمیری حریت رہنماؤں سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔